عمر شریف نے کراچی کے متوسط گھرانے میں آنکھ کھولی اور صرف چودہ برس کی عمر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عمر شریف کے فرزند کو ٹیلی فون کرکے عمر شریف کے انتقال پر تعزیت پیش کی
کراچی۔۔۔02اکتوبر2021ء

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی ربطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک کے مایاناز اداکار فنکار اور میزبان عمر شریف کی المناک موت پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد کے متوسط گھرانے میں آنکھ کھولی اور صرف چودہ برس کی عمر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا، لاتعداد اسٹیج ڈراموں کے ذریعے عوام کے چہرے پہ مسکراہٹ بکھیر تے رہے فلم اور ٹیلی ویژن پر بھی آپ نے مزاحیہ فن سے ناظرین کو محظوظ کیا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عمر شریف کے فرزند کو ٹیلی فون کرکے عمر شریف کے انتقال پر تعزیت پیش کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور ساتھ ساتھ یہ دعا بھی کی کہ اللہ تعالی آپ تمام اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان نے عمر شریف کے انتقال کی صورت میں ہونے والے قومی نقصان کے باعث ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی تمام سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔